بھٹکل 4 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کا سو سالہ قدیم تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین کے سابق صدر سمیت بھٹکل کے کئی ایک اداروں سے منسلک جناب عبدالرحیم جوکاکو کے انتقال پر انجمن کالج مسجد میں تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا جس میں بھٹکل کے مختلف اداروں کے ذمہ داران نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی زندگی کے کئی ایک گوشوں کو اُجاگر کرتےہوئے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
جماعتوں اور اداروں کے جو ذمہ داران بھٹکل میں موجود تھے، انہوں نے راست تعزیتی جلسہ میں شریک ہوتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا تو وہیں گلف کی جماعتوں اور بیرون بھٹکل کی جماعتوں اور اداروں کے ذمہ داران نے آن لائن وڈیو میٹنگ میں شریک ہوتے ہوئے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔
انجمن صدر ایڈوکیٹ مزمل قاضیا، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، بھٹکل جماعت المسلمین کے نائب قاضی مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر ایس ایم پرویز، مولوی عبدالعلیم قاسمی، مولانا الیاس جاکٹی ندوی، محتشم عبدالرحمن جان، مولوی انجم گنگاولی ودیگر کافی ذمہ داران نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں مغفرت کی دعائیں کیں۔ پروگرام کی نظامت انجمن کے ایڈیشنل سکریٹری اسحاق شاہ بندری نے کی۔
یاد رہے کہ جناب عبدالرحیم جوکاکو یکم مارچ کی اولین ساعتوں میں امریکہ میں انتقال کرگئے تھے، 2 اور 3 مارچ کی درمیانی شب قریب بارہ بجے امریکہ میں ہی ان کی تدفین عمل میں آئی۔